وسیم اکرم کا عمران خان کی صحت سے متعلق اہم بیان

سابق پاکستانی کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے عمران خان کی صحت سے متعلق بڑھتی ہوئی تشویش پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے دوست اور سابق کپتان کو بہت یاد کرتے ہیں اور ان کی صحت کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں ہونا چاہیے۔

ایک تفصیلی انٹرویو میں وسیم اکرم نے کہا کہ عمران خان ان کے دوست ہیں اور وہ سزا یافتہ ہوں یا نہ ہوں، جیل میں ہوں یا نہ ہوں، ہمیں ان کی صحت کو محفوظ بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں یہ جاننا مشکل ہے کہ کس بات پر یقین کیا جائے کیونکہ حکومت عمران خان کی صحت کو بہتر قرار دے رہی ہے۔

وسیم اکرم نے عمران خان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم کے اس انٹرویو کا بھی ذکر کیا جو لارڈز ٹیسٹ کے دوران نشر کیا گیا تھا جس میں دونوں نے والد کی جیل میں صحت پر خدشات کا اظہار کیا۔ اس انٹرویو پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی شکایت کے بعد اسکائی اسپورٹس نے ٹیلی کاسٹ میں مختصر تاخیر کی تھی۔

وسیم اکرم نے کہا کہ اس کے بعد انہوں نے حکومت کی جانب سے عمران خان سے ملاقاتوں اور کالز کی تعداد سے متعلق تفصیلات بھی پڑھیں لیکن موجودہ حالات میں کچھ کہنا مشکل ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان اور وسیم اکرم کا تعلق کئی دہائیوں پر محیط ہے اور وسیم اکرم انہیں اپنا مینٹور قرار دیتے رہے ہیں۔ گزشتہ دو ہفتوں میں 22 سابق کپتانوں نے وزیراعظم کے نام خط میں عمران خان کی بنیادی ضروریات اور خاندان تک رسائی کا مطالبہ کیا۔ پیٹ کمنز اور برائن لارا سمیت دیگر سابق کرکٹرز نے بھی تشویش ظاہر کی جبکہ پاکستان میں جاوید میانداد، معین خان اور رمیز راجا نے بھی ان کی صحت پر بات کی۔