طلبہ کے لیے بڑا سرپرائز! گلوبل سٹیزن شپ نیا مضمون شامل

لاہور (آن لائن) پنجاب کے سکولوں میں طلبہ کے لیے گلوبل سٹیزن شپ کا 100 نمبروں کا الگ مضمون متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مضمون کو آئندہ تعلیمی سال سے یونیسف کے تعاون سے نصاب کا حصہ بنانے کی تجویز ہے۔

ذرائع کے مطابق مضمون میں طلبہ کو بین الاقوامی شہریت، عالمی سطح پر ان کے حقوق و فرائض اور ذمہ دار شہری بننے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے گی۔ مضمون کو چہارم سے ہشتم جماعت تک شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

پنجاب ایگزامینیشن کمیشن (پیک) نے گلوبل سٹیزن شپ کا مضمون متعارف کرانے کے لیے یونیسف سے مشاورت کا عمل شروع کردیا ہے، جبکہ مضمون کی کتابوں اور متعلقہ مواد کی چھپائی کے لیے تمام فنڈنگ بھی یونیسف کی جانب سے فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق گلوبل سٹیزن شپ کا مضمون پڑھنے سے طلبہ کی عالمی دنیا سے متعلق معلومات میں اضافہ ہوگا اور انہیں بین الاقوامی سطح پر اپنی ذمہ داریوں اور کردار کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ طلبہ اس تعلیم کے ذریعے عالمی شہری ہونے کے تقاضوں کو بہتر انداز میں پورا کرسکیں گے۔