سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور الاؤنس سے متعلق اہم فیصلہ

سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور الاؤنس میں تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے اپنے ملازمین کی تنخواہ اور الاؤنس میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے جس کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

جاری اعلامیے کے مطابق یکم جولائی 2026 سے پیسکو ملازمین کو ایڈہاک ریلیف الاؤنس دینے کی منظوری دی گئی ہے۔

گریڈ 1 سے 22 تک کے ملازمین کے لیے ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس 15 فیصد مقرر کیا گیا ہے جو 30 جون 2022 کی بنیادی تنخواہ کی بنیاد پر دیا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیسکو ملازمین پر الاؤنس کے لیے وفاقی حکومت کی شرائط لاگو ہوں گی۔ اس کے علاوہ پیسکو ملازمین کے کنوینس الاؤنس کی شرح میں 50 فیصد اضافے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

معذور پیسکو ملازمین کے لیے خصوصی کنوینس الاؤنس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ معذور ملازمین کا خصوصی کنوینس الاؤنس 6 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ریٹائرڈ پیسکو ملازمین کی پنشن میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کا اطلاق بھی یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔