شدیدزلزلہ، عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا

بلوچستان کے ضلع خضدار میں زلزلے کے جھٹکوں کے باعث شہریوں میں خوف و تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی متعدد افراد گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے اور محفوظ مقامات پر جمع ہوگئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق خضدار میں آنے والے زلزلے کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر زیرِ زمین تھی اور مرکز خضدار سے 75 کلومیٹر شمال مغرب میں بتایا گیا ہے۔ اچانک جھٹکوں کے باعث علاقہ مکین گھبرا کر کھلی جگہوں پر نکل آئے اور کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے رہے، تاہم زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ماہرین کے مطابق زلزلے عموماً زمین کے اندر موجود ٹیکٹونک پلیٹس کی حرکت اور ان کے درمیان پیدا ہونے والے دباؤ کے اچانک اخراج کے باعث آتے ہیں۔ بلوچستان ملک کے فعال زلزلہ خیز علاقوں میں شامل ہے، جہاں زیرِ زمین پلیٹوں کی حرکت کے باعث وقتاً فوقتاً زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے رہتے ہیں۔