حافظ نعیم الرحمان کا حکومت کو دو ٹوک پیغام — لیوی ختم نہ ہوئی تو دھرنے جاری رہیں گے
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر عوام پر لگائی گئی “لیوی” ختم نہیں کی گئی تو ملک بھر میں دھرنے کا سلسلہ بھی ختم نہیں ہوگا۔
لاہور میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کال پر پورے ملک میں کامیاب ہڑتال ہوئی۔ اس دوران درجنوں کارکن گرفتار کیے گئے۔ سندھ حکومت نے ہمارے کارکنوں پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے۔
انہوں نے کہا: *”27 دسمبر 2007 کو بینظیر بھٹو کی شہادت پر پیپلز پارٹی نے آگ لگائی تھی۔ جمہوریت کے ڈاکو ہمیں نہ بتائیں کہ ہڑتال کیسے ہوتی ہے”*۔ حافظ نعیم نے کہا کہ بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ اور پنجاب میں دھرنے کا پیغام پہنچ چکا ہے۔
*حکومت سے مطالبات*
حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ حکومتی وفد کو واضح کر دیا ہے:
1. آئی ایم ایف سے نجات کے لیے ہمارے پاس ماہرین موجود ہیں
2. سرکاری گاڑیاں 1300 سی تک محدود کی جائیں
3. ہر روز ایک نئے دھرنے کا اضافہ ہوگا۔ راولپنڈی کا دھرنا جلد شروع ہوگا
انہوں نے کہا کہ کل مطالبہ نامہ پیش کریں گے۔ ہر جگہ لیوی پر عوامی رائے لی جائے گی۔ 5 کروڑ لوگوں کے دستخط لے کر “فارم 45 والا ریفرنڈم” کریں گے، “فارم 47 والا نہیں”۔
امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ آج کی ہڑتال صرف ریہرسل تھی۔ بہت جلد “پہیہ جام” کی کال دی جائے گی اور کارکن لانگ مارچ کے لیے بھی تیار رہیں۔






