پشاور (آئی این پی) تھانہ متنی پر دہشت گردوں کی جانب سے ڈرون کے ذریعے بارودی مواد پھینکنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سی سی پی او پشاور میاں سعید کے مطابق حفاظتی اقدامات کے باعث حملے کی کوشش ناکام ہوئی۔ تھانے کے گرد حفاظتی حصار اور جال نصب ہونے کے باعث ڈرون سے پھینکا گیا بارودی مواد تھانے کے اندر نہیں گر سکا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ڈرون کے ذریعے بارودی مواد پھینکے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے۔
سی سی پی او کے مطابق پشاور کے تھانوں کی سیکیورٹی مزید بہتر بنانے کے لیے تھانوں کے اوپر جال نصب کرنے سمیت دیگر حفاظتی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔






