برائلر گوشت کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا، سرکاری نرخ میں 26 روپے فی کلو اضافے کے بعد برائلر گوشت کی قیمت 494 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔
سرکاری نرخنامے کے مطابق برائلر زندہ مرغی کا تھوک ریٹ 327 روپے جبکہ پرچون ریٹ 341 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب شہر میں برائلر گوشت سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر فروخت ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ دکانداروں کی جانب سے من مانی قیمتوں پر گوشت فروخت کیے جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، جبکہ صافی گوشت 600 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
ادھر فارمی انڈوں کی قیمت 268 روپے فی درجن پر برقرار ہے، جبکہ انڈوں کی پیٹی کا تھوک ریٹ 7 ہزار 920 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد یقینی بنائے اور زائد قیمت پر گوشت فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔






