لاہور: پنجاب میں تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس، کافی شاپس اور میرج ہالز پر کچی رسیدوں کے اجرا پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے، خلاف ورزی کی صورت میں 10 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکس چوری کے خاتمے اور خرید و فروخت کے ریکارڈ کو شفاف بنانے کے لیے پنجاب ریونیو اتھارٹی نے صوبے بھر کے تمام ریسٹورنٹس، ہوٹلوں، کیفے اور میرج ہالز میں مینوئل یا غیر سرکاری رسیدیں جاری کرنے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔
پی آر اے کے چیئرمین معظم اقبال سپرا کی ہدایت پر تمام اضلاع کے کمشنرز نے نئے نظام کے فوری نفاذ کے لیے نوٹیفکیشنز جاری کردیئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام متعلقہ کاروباروں کے لیے الیکٹرانک انوائس مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے رسیدیں جاری کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
الیکٹرانک رسیدیں جاری نہ کرنے والے کاروباروں پر 4 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں کاروبار کو ایک ماہ کے لیے سیل بھی کیا جا سکتا ہے۔
پی آر اے نے صارفین کو اصل ٹیکس رسید کے بجائے کچن آرڈر سلپ، کچے بل یا کسی بھی قسم کی عارضی پرچی دینے پر بھی مکمل پابندی عائد کردی ہے۔
گاہکوں کو دی جانے والی ہر رسید پر کاروبار کا نام، پتہ، رسید نمبر اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کا مخصوص کیو آر کوڈ درج ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سیلز ریکارڈ میں تمیز و تبدیلی، حقائق چھپانے یا پی آر اے کے افسران کے کام میں مداخلت کرنے پر بھی سخت قانونی کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔
پی آر اے کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت لانا، سیلز ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانا اور ٹیکس چوری کی روک تھام یقینی بنانا ہے۔ صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ کو اس حکم نامے پر بلا تفریق عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔






