بائیک سوارہو جائیں خبردار ، نئے قوانین نافذ, خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ

دنیا بھر میں ماحول دوست سفری ذرائع کے فروغ کے باوجود فرانس میں الیکٹرک بائیک اور سائیکل استعمال کرنے والوں کے لیے حفاظتی قوانین مزید سخت کردیئے گئے ہیں۔ پیرس میں سڑکوں پر الیکٹرک بائیک اور موٹر سائیکل چلانے والوں کے لیے دو حفاظتی اقدامات لازمی قرار دے دیے گئے ہیں، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں الیکٹرک سائیکل اور موٹر سائیکل سواروں کے لیے دورانِ سفر ہیلمٹ پہننا ضروری قرار دیا گیا ہے، جبکہ انہیں روشنی منعکس کرنے والے چمکدار لباس یا جیکٹ بھی پہننا ہوگی۔

پولیس حکام کے مطابق ان پابندیوں کا مقصد الیکٹرک بائیک اور دیگر دو پہیہ برقی گاڑیوں سے پیش آنے والے حادثات میں کمی لانا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایسے حادثات میں سر پر شدید نوعیت کی چوٹوں کے واقعات نمایاں تعداد میں سامنے آئے ہیں، جن میں بعض جان لیوا بھی ثابت ہوئے۔

نئے ضابطے کے تحت ہیلمٹ استعمال نہ کرنے والے سوار کو 135 یورو، یعنی تقریباً 156 امریکی ڈالر جرمانہ ادا کرنا ہوگا، جبکہ روشنی منعکس کرنے والی جیکٹ یا لباس نہ پہننے کی صورت میں 35 یورو جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ یہ حفاظتی پابندیاں عوامی سڑکوں پر ہر وقت نافذ العمل رہیں گی۔

واضح رہے کہ پیرس میں کرائے پر دستیاب الیکٹرک سائیکلوں اور موٹر سائیکلوں کے استعمال پر 2023 سے پابندی عائد ہے، تاہم ذاتی ملکیت کی الیکٹرک سائیکلیں اور سکوٹر اب بھی شہر کی سڑکوں پر بڑی تعداد میں استعمال کیے جا رہے ہیں۔

دنیا کے مختلف ممالک میں بڑھتی ہوئی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ماحولیاتی آلودگی کے باعث الیکٹرک وہیکلز کو متبادل سفری ذریعہ قرار دے کر فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ عوام کی جانب سے بھی ان گاڑیوں کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے۔