پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر، پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے صدر چوہدری محمد یسین اور ندیم افضل چن کے ہمراہ اسلام آباد میں پیپلز پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے حالیہ انتخابات کو مبینہ بدترین دھاندلی، تشدد اور انتظامی ناکامیوں کے باعث مکمل طور پر مسترد کر دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے میرپور ڈویژن میں دھاندلی کے ذریعے پیپلز پارٹی کی نشستیں چھینیں جبکہ پونچھ اور مظفرآباد میں بھی اسی طرز کے نتائج مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
سید نیر حسین بخاری نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی کی ہدایت واضح ہے کہ میرپور ڈویژن میں اپنایا گیا مبینہ دھاندلی کا طریقہ مظفرآباد میں ہرگز دہرانے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کیا گیا، پارٹی کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پیپلز پارٹی کی نشستیں زبردستی چھینی گئیں۔
قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں ایسا انتخاب کبھی نہیں دیکھا، جہاں متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر 91 سے 97 فیصد تک پولنگ ظاہر کی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کئی مقامات پر جعلی مہریں لگائی گئیں، پارٹی کارکنوں کو پولنگ اسٹیشنوں میں داخل ہونے سے روکا گیا اور مناسب سیکیورٹی کا کوئی انتظام موجود نہیں تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی کے لیے مختص پانچ ارب روپے کہاں خرچ کیے، جبکہ بیشتر پولنگ اسٹیشنوں پر صرف ایک پولیس اہلکار تعینات تھا۔
چوہدری لطیف اکبر نے مزید الزام لگایا کہ مظفرآباد کے اپر چھتر میں ایک پریذائیڈنگ افسر کو مبینہ طور پر جعلی مہریں لگاتے ہوئے پکڑا گیا، جبکہ بعض حلقوں میں دوپہر کے بعد ووٹنگ شروع ہونے کے باوجود 90 فیصد سے زائد ٹرن آؤٹ ظاہر کیا گیا، جسے انہوں نے ناقابلِ یقین قرار دیا۔
پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے صدر چوہدری محمد یسین نے کہا کہ میرپور ڈویژن میں مبینہ دھاندلی کے ذریعے پیپلز پارٹی کی نشستیں چھین کر مسلم لیگ (ن) کی حکومت مسلط کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے انتخابات نہ صرف ناقابل قبول ہیں بلکہ اس سے مقبوضہ کشمیر میں بھی منفی پیغام گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حالیہ انتخابات کو کالعدم قرار دے کر آزاد، شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات دوبارہ کرائے جائیں۔






