حج 2027 کے طویل اور مختصر پیکیجز! پہلی قسط کی مد میں کتنے لاکھ روپے ادا کرنے ہوں گے؟

وزارتِ مذہبی امور کے تحت سالانہ حج آپریشن کے لیے درخواستوں کی وصولی کا عمل رواں ہفتے شروع ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارتِ مذہبی امور جلد حج درخواستوں کی وصولی کا باقاعدہ اعلان کرے گی، جبکہ عازمین سے حج اخراجات کی پہلی قسط اگست کے پہلے ہفتے میں وصول کی جائے گی۔

عازمین کی سہولت کے لیے اس مرتبہ حج اخراجات دو اقساط میں وصول کیے جائیں گے تاکہ ادائیگی کا عمل آسان بنایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق طویل حج پیکیج 38 سے 42 دن پر مشتمل ہوگا، جس کے لیے پہلی قسط 5 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

مختصر حج پیکیج 20 سے 25 دن پر مشتمل ہوگا، جس کے لیے پہلی قسط 5 لاکھ 50 ہزار روپے رکھی گئی ہے، جبکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے حج اخراجات کا تخمینہ تقریباً 12 لاکھ 50 ہزار روپے بتایا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مستقبل کے حج آپریشنز کو مزید منظم بنانے کے لیے سال 2030 تک کی رجسٹریشن اور ادائیگیوں کا نظام بھی متوازی طور پر جاری رکھا جائے گا۔

اس نئے رجسٹریشن سسٹم کے تحت اب تک 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد اپنی حج رجسٹریشن مکمل کروا چکے ہیں۔ وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے باضابطہ شیڈول جاری ہوتے ہی نامزد بینکوں میں درخواستیں جمع کرانے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔