کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز کی شادی کی تاریخ سامنے آ گئی

لزبن: عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی منگیتر جارجینا روڈریگز کی شادی کی تاریخ سے متعلق رپورٹس سامنے آ گئیں۔

 

رپورٹس کے مطابق طویل عرصے سے ایک ساتھ رہنے والے رونالڈو اور جارجینا اب شادی کرنے جا رہے ہیں، جوڑے کی شادی پرتگال کے جزیرے مڈیرا میں ہونے کی اطلاعات ہیں، جہاں رونالڈو پیدا ہوئے اور ان کی پرورش ہوئی۔اگرچہ رونالڈو اور جارجینا نے تاحال شادی کی تاریخ یا مقام کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، تاہم برطانوی میڈیا رپورٹس میں دعوی کیا گیا ہے کہ شادی کی تقریب 8 اگست کو متوقع ہے، جس نے کھیلوں اور شوبز کی دنیا میں خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔

 

برطانوی اخبار دی سن کے مطابق شادی کی تقریب مڈیرا کے دارالحکومت فنشال میں واقع تاریخی فنشال کیتھیڈرل میں منعقد ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد فائیو اسٹار ساوائے پیلس ہوٹل میں شاندار استقبالیہ دیا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے گزشتہ سال تقریبا 8 سال تک تعلق میں رہنے کے بعد جارجینا کو شادی کی پیشکش کی تھی، 40 سالہ فٹبالر نے اپنی اسپینش پارٹنر کو قیمتی ہیرے کی انگوٹھی پیش کی، جسے جارجینا نے قبول کر لیا تھا۔

 

بعد ازاں جارجینا نے انسٹاگرام پر ہیرے کی انگوٹھی کی تصویر بھی شیئر کی تھی، جس میں ان کا ہاتھ رونالڈو کے ہاتھ پر رکھا ہوا تھا اور ان کی انگلی میں بڑی ہیرے کی انگوٹھی نمایاں تھی۔رونالڈو اور جارجینا کی محبت کی کہانی تقریبا 8 سال قبل شروع ہوئی، جب جارجینا میڈریڈ میں ایک فیشن برانڈ کے آئوٹ لیٹ پر کام کرتی تھیں، دونوں کو پہلی مرتبہ 2017 میں عوامی سطح پر ایک ساتھ دیکھا گیا تھا، دونوں کے 5 بچے ہیں، تاہم اپریل 2022 میں ان کے جڑواں بچوں میں سے ایک چل بسا تھا۔