پاکستان کے معروف کامیڈی سیریل “عینک والا جن” کے خالق اور ہدایتکار حفیظ طاہر نے اپنی تخلیق کو مبینہ طور پر بغیر اجازت مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے فلم میں استعمال کیے جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
حفیظ طاہر نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ وہ اس معاملے پر شدید صدمے اور غصے میں ہیں، کیونکہ ان کی تخلیق “عینک والا جن” کے نام اور تصور کو ان کی اجازت کے بغیر استعمال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ سیریل ان کا اصل خیال تھا، وہ اس کے کانسیپٹ رائٹر، نام تجویز کرنے والے اور ہدایتکار ہیں۔ ان کے مطابق یہ ڈرامہ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے لیے تیار کیا گیا تھا، جسے عوام میں بے حد مقبولیت حاصل ہوئی۔
حفیظ طاہر نے اس اقدام کو اپنی تخلیقی ملکیت کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی ان کی اجازت کے بغیر ان کے کام کو استعمال کرنے کا حق نہیں۔ انہوں نے قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھنے کا بھی اعلان کیا۔
واضح رہے کہ “عینک والا جن” بچوں کا مقبول کامیڈی ڈرامہ سیریل تھا جو 1993 سے 1996 تک پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر کیا گیا۔






