سڑک پر لاوارث ملنے والی اداکارہ دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی

بھارت کی معروف تیلگو اداکارہ پاورا شیاملا 75 برس کی عمر میں دورانِ علاج انتقال کر گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی موت صحت کے مسائل کے باعث دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔

اداکارہ کی وفات چند ہفتے بعد ہوئی جب انہیں مبینہ طور پر ایک اسپتال سے علاج کے بغیر واپس بھیج دیا گیا تھا اور بعد ازاں وہ حیدرآباد کی سڑک پر لاوارث حالت میں پائی گئی تھیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شیاملا طویل عرصے سے مختلف طبی مسائل کا شکار تھیں اور عثمانیہ اسپتال میں زیرِ علاج تھیں، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دی۔

شیاملا نے تیلگو فلم انڈسٹری میں تین دہائیوں سے زائد عرصہ بطور معاون اداکارہ کام کیا۔ تاہم زندگی کے آخری برسوں میں انہیں مالی مشکلات، بیماریوں اور اپنی بیمار بیٹی کی دیکھ بھال جیسے مسائل کا سامنا رہا۔

رپورٹس کے مطابق مئی میں مالی مشکلات کے باعث انہیں ایک اسپتال سے واپس بھیج دیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے انہیں سڑک پر پایا تھا۔

یہ پہلا موقع نہیں تھا جب اداکارہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اس سے قبل دسمبر 2025 میں بھی انہیں اور ان کی بیٹی کو مبینہ طور پر رہائش گاہ خالی کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔

پاورا شیاملا مزاحیہ کرداروں کے لیے مشہور تھیں اور انہوں نے کئی کامیاب تیلگو فلموں میں کام کیا، جن میں “گولی مار”، “کھڈگم”، “آندھرا والا” اور “وارشم” شامل ہیں۔ انہوں نے چرنجیوی، پربھاس، جونیئر این ٹی آر اور الو ارجن جیسے معروف اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا۔

2019 میں ریلیز ہونے والی فلم “ماتھو وڈالارا” ان کی آخری نمایاں فلموں میں شمار ہوتی ہے، جبکہ ان کے کئی فلمی مناظر آج بھی سوشل میڈیا پر میمز کے طور پر مقبول ہیں۔