//

بھارتی فنڈنگ سے افرا تفری پھیلانے کے ثبوت ، عطاء تارڑ کے اہم انکشافات

وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پہلے دن سے مؤقف اختیار کر رہی ہے کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کشمیر کاز کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے الزام عائد کیا کہ آزاد کشمیر میں بھارتی فنڈنگ کے ذریعے بدامنی پھیلانے کی کوشش کی گئی، جسے ناکام بنا دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کالعدم جماعت کا انتخابات میں حصہ نہ لینا اس کے بھارت نواز ہونے کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم جوائنٹ کمیٹی کی جانب سے مختلف مقامات پر پوسٹرز لگا کر گمراہ کن پروپیگنڈا کیا گیا، جبکہ قانون شکنی کرنے والے عناصر کو سوشل میڈیا کے ذریعے تقویت دینے کی کوشش کی گئی۔

وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی “را” سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کیا جا رہا تھا، جسے بے نقاب کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے ایک شخص کو گرفتار کیا، جو پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف گمراہ کن مواد پھیلانے میں ملوث تھا۔

عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ غلط معلومات پھیلانے والے نیٹ ورک کا تعلق بھارت سے ہے اور شرپسند عناصر کو اپنے اقدامات کا جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فنڈنگ سے متعلق شواہد سامنے آ چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ان کے مطابق متعدد بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس ایسے شواہد کے ساتھ سامنے آئے ہیں جن میں عوام کو ریاست کے خلاف اکسانے کی کوشش کی گئی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ جنگی محاذ کے بعد سفارتی میدان میں بھی پاکستان نے کامیابیاں حاصل کی ہیں، جبکہ عالمی سطح پر بھارت کے خلاف پاکستان کے مؤقف کو پذیرائی ملی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close