انسٹنٹ میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کے لیے چار نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جن کا مقصد ایپ کے استعمال کو مزید آسان اور مؤثر بنانا ہے۔
نئی اپ ڈیٹ کے تحت اب آئی پیڈ صارفین کسی موبائل فون سے لنک کیے بغیر براہِ راست واٹس ایپ اکاؤنٹ بنا سکیں گے اور آئی پیڈ پر ہی رجسٹریشن مکمل کرکے ایپ استعمال کر سکیں گے۔
واٹس ایپ نے ایپل کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو کے لیے بھی نئی سہولیات متعارف کرائی ہیں، جن کے ذریعے صارفین گاڑی چلاتے ہوئے ہینڈز فری انداز میں پیغامات سن اور ان کا جواب دے سکیں گے، کالز کر سکیں گے، کال ہسٹری دیکھ سکیں گے اور پسندیدہ رابطوں تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں گے۔
پی ڈی ایف فائلز کے استعمال کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔ اب صارفین پی ڈی ایف فائلیں ڈاؤن لوڈ کیے بغیر واٹس ایپ میں کھول سکیں گے، جبکہ انہیں ہائی لائٹ کرنے اور نوٹس شامل کرنے جیسی بنیادی ایڈیٹنگ سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔
ایک اور نئے فیچر کے تحت ایپل میوزک اور اسپاٹیفائی استعمال کرنے والے صارفین اپنے زیرِ سماعت گانے کو براہِ راست واٹس ایپ اسٹیٹس پر شیئر کر سکیں گے۔
واٹس ایپ کے مطابق یہ تمام نئے فیچرز مرحلہ وار دنیا بھر کے صارفین کے لیے جاری کیے جا رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






