ملک بھر کے پیٹرول پمپس کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ فلنگ اسٹیشنز پر تیل کی آمد، فروخت اور دستیاب اسٹاک کی ریئل ٹائم نگرانی کے لیے اوگرا کی تجویز کردہ موبائل ایپ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اس مقصد کے لیے فلنگ اسٹیشنز کو اوگرا کی جانب سے تجویز کردہ مخصوص کمپنی کے اسمارٹ فون استعمال کرنے کا پابند بنایا گیا ہے، جبکہ ہر پیٹرول پمپ کے لیے دو اسمارٹ فون لازمی قرار دیے گئے ہیں۔ متعلقہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اس ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام پر عمل درآمد کی ذمہ دار ہوں گی۔
پیٹرول پمپ مالکان کے مطابق مخصوص کمپنی کے اسمارٹ فون کی قیمت تقریباً 72 ہزار روپے فی فون ہے، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ذریعے ملک بھر میں تقریباً 25 سے 26 ہزار اسمارٹ فون فراہم کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے نتیجے میں مخصوص کمپنی کے کروڑوں روپے مالیت کے فون فوری فروخت ہوئے اور پمپ مالکان کو یہ فون خریدنے پر مجبور کیا گیا۔
پمپ مالکان نے سوال اٹھایا ہے کہ ہر فلنگ اسٹیشن سے اسمارٹ فون کی خریداری کے لیے کٹوتی کس قانونی اختیار کے تحت کی گئی، اس کی منظوری کس نے دی، اور اس کی تفصیلات کب سامنے لائی جائیں گی۔
دوسری جانب حکام کے مطابق ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام سے تیل کی مصنوعی قلت، ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ اور اسٹاک میں ردوبدل کی روک تھام میں مدد ملے گی، جبکہ مستقبل میں کسی بھی سبسڈی پروگرام کو زیادہ شفاف انداز میں چلانا بھی ممکن ہوگا۔
تاہم پمپ مالکان کا مؤقف ہے کہ اگر اوگرا کی موبائل ایپ عام اسمارٹ فونز پر بھی استعمال کی جا سکتی ہے تو پھر مخصوص کمپنی کے فون خریدنے کی شرط عائد کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ ان کے مطابق اس فیصلے سے مخصوص کمپنی کو فائدہ پہنچنے کا تاثر پیدا ہوا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





