//

نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ استعمال کرتے وقت ان باتوں کا خیال رکھیں

نادرا نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ استعمال کرنے والوں کے لیے اہم ہدایات جاری کردیں

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ استعمال کرتے وقت ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے تاکہ درخواستوں کی کارروائی درست طریقے سے مکمل ہو اور شناختی دستاویزات کا بروقت اجرا یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان نادرا کے مطابق پاک آئی ڈی موبائل ایپ استعمال کرتے ہوئے چند اہم باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ صارفین کو چاہیے کہ وہ مستحکم انٹرنیٹ کنکشن استعمال کریں، موبائل نمبر اپنے نام پر رجسٹرڈ اور فعال رکھیں جبکہ ای میل ایڈریس بھی ایکٹو ہونا چاہیے تاکہ او ٹی پی بروقت موصول ہو سکے۔

نادرا نے ہدایت کی کہ تصویر اپ لوڈ کرتے وقت روشن ماحول اور سفید بیک گراؤنڈ کا انتخاب کیا جائے تاکہ چہرہ واضح نظر آئے اور درخواست میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

ترجمان کے مطابق درخواست جمع کروانے سے قبل صارفین ’جائزہ فارم دیکھیں‘ کے آپشن پر کلک کرکے درج کیے گئے کوائف کا مکمل جائزہ لیں۔ اس کے علاوہ متوقع شناختی کارڈ اور اس پر درج معلومات بھی چیک کریں، اور کسی بھی غلطی کی صورت میں متعلقہ فیلڈ میں جا کر اسے درست کریں۔

نادرا نے کہا کہ ان ہدایات پر عمل کرنے سے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے شناختی دستاویزات کے حصول کا عمل آسان اور بروقت مکمل کیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close