//

پیٹرول اور ڈیزل ایک ہفتے میں کتنا مہنگا ہوا؟ جانیے

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک ہفتے کے دوران بڑا اضافہ، عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ

اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیے جانے کے بعد گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث عوام پر مہنگائی کا مزید دباؤ بڑھ گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 17 جولائی سے 25 جولائی کے دوران پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 24 روپے 47 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 60 روپے 16 پیسے کا اضافہ کیا گیا۔

حکومت نے 18 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا۔

اس کے بعد 21 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 35 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی، تاہم اسی روز ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں مزید 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا۔

22 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 93 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جبکہ 23 جولائی کو پیٹرول 6 روپے 39 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر مزید مہنگا ہوگیا۔

اسی طرح 24 جولائی کو پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔ بعد ازاں 25 جولائی کے لیے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول 3 روپے 66 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 80 پیسے فی لیٹر مزید مہنگا کردیا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق 17 جولائی کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 310 روپے 71 پیسے تھی جو 25 جولائی تک بڑھ کر 335 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 17 جولائی کو 323 روپے 30 پیسے فی لیٹر تھی، جو 25 جولائی تک بڑھ کر 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔

ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر مسلسل اضافے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھنے کا امکان ہے، جس کے اثرات اشیائے خور و نوش اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close