//

دہلی پولیس کا پاکستان پر سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلانے کا الزام

نئی دہلی (آئی این پی): دہلی پولیس نے شہر میں جاری طلبہ مظاہروں کے دوران سوشل میڈیا پر غلط معلومات اور افواہیں پھیلانے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ 400 سے زائد پاکستانی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی پولیس کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی پی) سمت جھا نے کہا کہ یہ اکاؤنٹس موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جعلی مواد اور گمراہ کن معلومات پھیلا رہے ہیں، جنہیں مرحلہ وار بلاک کیا جا رہا ہے۔

ڈی سی پی کے مطابق یہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس آپریشن سندور کے دوران بھی سرگرم تھے اور ان کا مقصد عوام، خصوصاً طلبہ کو اشتعال دلانا اور ان کی توجہ اصل معاملات سے ہٹانا تھا۔

سمت جھا نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی پوسٹس، ایڈٹ شدہ ویڈیوز اور غیر مصدقہ اکاؤنٹس سے شیئر کی جانے والی معلومات پر فوری یقین نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی خبر یا پوسٹ کو آگے شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کریں، افواہوں کے پھیلاؤ سے گریز کریں اور شرپسند عناصر کو عوامی جذبات سے کھیلنے کا موقع نہ دیں۔

ڈی سی پی نے مزید کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے اور دہلی پولیس اس حق کا احترام کرتی ہے، تاہم قانون ہاتھ میں لینے یا جھوٹی معلومات پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کریں اور صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close