پاکستان کی بڑی موبائل فون کمپنیوں جاز، زونگ، یو فون اور ٹیلی نار نے مختلف کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران بعض ہائبرڈ اور ڈیٹا بنڈلز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے نے اپنی ویب سائٹ پر چاروں موبائل کمپنیوں کے ٹاپ 15 ہائبرڈ اور ڈیٹا بنڈلز کی تازہ ترین قیمتوں کی تفصیلات جاری کی ہیں، جن کے مطابق مختلف مدت کے پیکجز مہنگے ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ ہائبرڈ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک، 15 روزہ بنڈلز میں 300 روپے تک اور ہفتہ وار پیکجز میں 130 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح تین روزہ بنڈلز 21 روپے، دو روزہ پیکجز 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز 5 روپے تک مہنگے ہوئے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کی سہولت اور قیمتوں میں شفافیت کے لیے ویب سائٹ کے کنزیومر اویئرنس سیکشن کو مزید بہتر بنایا گیا ہے، جہاں چاروں موبائل کمپنیوں کے نمایاں پیکجز کا آسان موازنہ فراہم کیا گیا ہے تاکہ صارفین اپنی ضرورت اور بجٹ کے مطابق بہتر انتخاب کر سکیں۔
اتھارٹی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیکجز کی تازہ ترین معلومات کے لیے پی ٹی اے اور متعلقہ موبائل کمپنیوں کی ویب سائٹس کا باقاعدگی سے جائزہ لیتے رہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






