لاہور (آئی این پی): قانون نافذ کرنے والے اداروں اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن کے دوران افغان شہریوں کے لیے جعلی شناختی دستاویزات تیار کرنے والے مبینہ نیٹ ورک کا سراغ لگا کر نادرا کے دو افسران سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر انعام الحق، ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیاض احمد، چوکیدار جنید احمد اور پرائیویٹ ایجنٹ محمد عمر شاہ شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان افغان شہریوں کے لیے غیر قانونی شناختی کارڈز کے اجرا، سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں سہولت کاری میں ملوث تھے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی شواہد سے اس نیٹ ورک کے دہشت گرد عناصر سے ممکنہ روابط کی بھی نشاندہی ہوئی ہے، جس کے بعد تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔
کارروائی کے دوران اہم سرکاری ریکارڈ اور دیگر دستاویزات بھی تحویل میں لے لی گئی ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق مزید انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں، جبکہ نیٹ ورک سے وابستہ تمام سہولت کاروں اور مرکزی کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ایف آئی اے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی سلامتی، دہشت گردی کی معاونت، غیر قانونی شناختی دستاویزات کے اجرا اور منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے تک بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






