//

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر آزاد کشمیر کے لیے 15 کلینک آن ویلز روانہ

لاہور (آئی این پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر آزاد کشمیر کے عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے 15 کلینک آن ویلز ضروری ادویات سمیت روانہ کر دیے گئے۔

پنجاب کے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کلینک آن ویلز کی روانگی کے موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں جدید طبی سہولیات پنجاب کی حدود سے نکل کر دیگر علاقوں تک بھی پہنچائی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر سیکریٹری صحت و آبادی، اے ایس ٹیکنیکل اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ملک بھر سے کلینک آن ویلز منصوبے کو سراہا جا رہا تھا اور عوام کی خواہش تھی کہ اس کے ثمرات دیگر صوبوں اور علاقوں تک بھی پہنچائے جائیں، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے عمل کرتے ہوئے اس منصوبے کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کلینک آن ویلز منصوبہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے بعد اب آزاد کشمیر کے عوام کو بھی جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

صوبائی وزیر کے مطابق یہ منصوبہ صحت کے شعبے میں عوامی خدمت، مساوی طبی سہولیات کی فراہمی اور وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کی عملی عکاسی کرتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close