کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) ڈیرہ اسماعیل خان ریجن نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران مطلوب خارجی دہشت گرد خالد عرف کمانڈر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ٹیکنیکل ٹیم کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ خالد عرف کمانڈر، جو شہید کانسٹیبل محمد علی کی ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب تھا، ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کورائی میں موجود ہے۔
اطلاع پر سی ٹی ڈی کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس (SWAT) ٹیم نے 18 جولائی کی علی الصبح ٹانک-ڈیرہ اسماعیل خان روڈ پر کورائی کے مقام پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ ترجمان کے مطابق اہلکاروں نے دہشت گرد کو متعدد بار ہتھیار ڈالنے کی پیشکش کی، تاہم اس نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوابی کارروائی میں وہ مارا گیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد نے 17 مارچ 2025 کو کانسٹیبل محمد علی کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا تھا اور وہ دیگر متعدد مقدمات میں بھی مطلوب تھا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی شناخت چھپا کر نقل و حرکت کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچنے میں مہارت رکھتا تھا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد کا تعلق ٹی ٹی پی ذاکر کوچی کاروان گروپ سے تھا۔ اس کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول، ایک ہینڈ گرینیڈ اور ایک اسمارٹ فون برآمد کیا گیا، جنہیں فرانزک تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کے سہولت کاروں، مالی معاونین اور لاجسٹک نیٹ ورک کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انٹیلیجنس پر مبنی آپریشنز بلا تعطل جاری رکھے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






