پاکستان کی سعودی عرب پر حوثی میزائل حملوں کی مذمت
پاکستان نے سعودی عرب پر حوثی گروپ کی جانب سے کیے گئے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے یمن کی صورتحال سے متعلق ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثیوں کے میزائل حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ پاکستان یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کا بھی حامی ہے۔
عثمان جدون نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور تحمل کو اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یمن میں دیرپا امن ایک جامع سیاسی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حوثیوں نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی جانب میزائل داغنے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا۔
اس سے قبل حوثی گروپ نے صنعاء انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ وہ اس کے جواب میں سعودی عرب کے اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






