//

ایران کے امریکی بحری بیڑے اور فوجی اڈوں پر حملے ، کہاں کہاں ؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

ایران کا امریکی حملوں کے جواب میں جوابی کارروائی کا دعویٰ

ایران نے امریکی حملوں کے جواب میں بحرین میں موجود امریکی ففتھ فلیٹ، اماراتی ٹینکروں اور ایک امریکی جہاز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق بحرین میں امریکی بحری اڈے کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اڈے پر موجود ایندھن کے ذخائر میں آگ بھڑک اٹھی۔ ایرانی بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ حملوں کے دوران پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام، ریڈار سسٹم اور ڈرون مرکز کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

پاسداران انقلاب کے مطابق بحرین کے جفیر ایئربیس پر اسلحہ گوداموں، سیٹلائٹ مواصلاتی مرکز اور امریکی افواج کی رہائشی تنصیبات کو بھی ہدف بنایا گیا۔

ایرانی ترجمان نے مزید دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز میں دو سپر ٹینکروں کو نشانہ بنا کر ناکارہ کر دیا گیا، کیونکہ ان جہازوں نے ایرانی انتباہ کو نظر انداز کیا تھا۔

دوسری جانب ایرانی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ کویت میں امریکی فوجی اڈے پر دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ اردن کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی فضائی حدود سے آنے والے چار میزائلوں کو مار گرایا گیا۔

واضح رہے کہ خلیجی خطے میں ایک بار پھر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف مسلسل تیسرے روز حملوں کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی ایران کے شہروں بندر عباس، بوشہر، قشم، کیش اور ابو موسیٰ میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ وسطی ایران کے شہر امیدیہ میں بھی امریکی میزائل گرنے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔

امریکی سینٹکام کے مطابق پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن میں امریکی افواج نے بوشہر، چاہ بہار، اسک، کونارک، ابو موسیٰ اور بندر عباس میں متعدد عسکری اہداف کو نشانہ بنایا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close