//

وزیردفاع کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کا بیان کو شہداء کی قربانی کی توہین قرار

خواجہ آصف کی مولانا فضل الرحمان کے بیان پر تنقید، شہداء کی قربانیوں کے احترام پر زور

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے اسے شہداء کی قربانیوں کی توہین قرار دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک سینئر سیاست دان اور ممتاز مذہبی رہنما ہیں، اس لیے ان سے الفاظ کے انتخاب میں زیادہ ذمہ داری کی توقع کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوجی جوانوں کی وطن کے لیے قربانیوں کو صرف تنخواہ سے جوڑنا نہ صرف غیر منصفانہ ہے بلکہ شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کے جذبات کو بھی مجروح کرتا ہے۔ ان کے بقول کوئی شخص محض مالی فائدے کے لیے اپنی جان قربان نہیں کرتا۔

وزیرِ دفاع نے کہا کہ جان کی قربانی کے پیچھے نظریہ، عقیدہ، فرض شناسی اور وطن سے گہری وابستگی کا جذبہ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالات، واقعات یا طریقۂ کار پر اختلاف کیا جا سکتا ہے، تاہم اس جذبے، محبت اور قربانی کی توہین نہیں ہونی چاہیے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اب بھی جاری ہے، جس میں پاک فوج سمیت دیگر اداروں کے اہلکار اور عام شہری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ان قربانیوں کو تنخواہ کا نتیجہ قرار دینا سیاسی اختلاف نہیں بلکہ اخلاقی بے حسی کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیان سے صرف ایک ادارہ نہیں بلکہ ہزاروں شہداء، غازیوں، بیواؤں اور یتیموں کے جذبات متاثر ہوئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close