اسلام آباد: غیرقانونی افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کا نیا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے ملک بھر میں کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بغیر ویزا پاکستان میں مقیم ہر افغان شہری کو گرفتار کرکے ملک بدر کیا جائے گا، جبکہ ایسے افراد کو رہائش یا پناہ فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں افغان شہریوں کی جیو ٹیگنگ اور جیو فینسنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس ڈیٹا کی مدد سے گرفتاریاں مزید تیز کی جائیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزارت داخلہ کو روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کی رپورٹ ارسال کی جائے گی، جس میں گرفتار کیے گئے بغیر ویزا افغان شہریوں کی تعداد، جاری کارروائیوں کی تفصیلات اور زیر حراست افراد کی موجودہ صورتحال شامل ہوگی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے اس سلسلے میں 28 جون کو گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور تمام صوبائی حکومتوں کو بھی باقاعدہ مراسلہ جاری کیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






