تعلیمی اداروں کو ہراساں اور پر رشوت طلب کی جا رہی ہے

لاہور: پنجاب بھر کی مختلف نجی اسکولز تنظیموں نے محکمہ تعلیم اور پنجاب ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی کارروائیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کے نام پر نجی تعلیمی اداروں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔

نجی اسکولز تنظیموں کے اجلاس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کاہنہ اور باغبانپورہ کے واقعات کے بعد بلاجواز نجی اسکولوں کو سیل کیا جا رہا ہے اور ان سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ طلب کیا جا رہا ہے، جبکہ تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا مجاز ادارہ کون سا ہے۔

تنظیموں کے مطابق محکمہ تعلیم نے بتایا کہ بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) جاری کرے گا، تاہم سی اینڈ ڈبلیو نے اس کی ذمہ داری لینے سے انکار کر دیا ہے، جس کے باعث نجی تعلیمی ادارے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

اجلاس میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا کہ بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ اور اسکول رجسٹریشن کے نام پر بعض مقامات پر رشوت طلب کی جا رہی ہے۔

پاکستان ایجوکیشن کونسل کے صدر میاں عمران مسعود نے کہا کہ حکومت کے پاس اس معاملے پر کوئی واضح پالیسی موجود نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نجی اسکولوں کو ہراساں کرنے کے بجائے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے اور اس مسئلے کا قابلِ عمل اور متفقہ حل نکالا جائے۔

نجی اسکولز تنظیموں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو پنجاب بھر میں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close