لاہور میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق، دو زخمی، واقعے کی ویڈیو سامنے آگئی
لاہور کے علاقے شمالی چھاؤنی میں تیز رفتاری کے باعث پیش آنے والے حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کی کلوز سرکٹ فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں دو گاڑیوں کو مبینہ طور پر ریس لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹیج کے مطابق ریس کے دوران ایک تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر دو موٹر سائیکلوں سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شدید متاثر ہوئے۔
پولیس کے مطابق حادثے میں 14 سالہ سبحان جاں بحق جبکہ اس کے دو ساتھی ایان اور ابوبکر زخمی ہوئے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تیز رفتاری اور غفلت سے گاڑی چلانے والی خاتون ڈرائیور کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔
مقدمے کے مطابق نامعلوم خاتون ڈرائیور نے تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث موٹر سائیکلوں کو ٹکر ماری۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ تھانہ شمالی چھاؤنی کی حدود میں پیش آیا، مقدمہ درج کر کے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب جاں بحق نوجوان سبحان کے اہل خانہ کا احتجاج جاری ہے۔ اہل خانہ کا مؤقف ہے کہ حادثے کے ذمہ دار افراد کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا، اور ملزمان کی گرفتاری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔
متاثرہ خاندان کے مطابق حادثے میں سبحان کے ساتھ موجود ایان اور ابوبکر بھی شدید زخمی ہوئے، جبکہ مقدمہ درج ہونے کے باوجود ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ اہل خانہ نے حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






