وزیراعظم کا کرپشن کے خلاف اعلانِ جنگ

بغداد: عراقی وزیراعظم محمد شیعہ السوڈانی نے ملک میں بدعنوانی کے خلاف اعلانِ جنگ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت کرپشن کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور عوامی رقوم کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ عوامی خزانے کے تحفظ کے معاملے میں کوئی سرخ لکیر نہیں اور بدعنوانی میں ملوث ثابت ہونے والے کسی بھی شخص کو، خواہ اس کا عہدہ یا اثر و رسوخ کچھ بھی ہو، کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

دیانتداری اور نگرانی سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست بلا امتیاز قانون پر عمل درآمد یقینی بنائے گی، جبکہ کرپشن کے خلاف کارروائی ملکی وسائل کے تحفظ اور عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد بحال کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نگران اور عدالتی ادارے مالی بدعنوانی اور سرکاری وسائل کے ضیاع میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ حکومت ایسی کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کرے گی جو اصلاحات اور ترقی کے عمل میں رکاوٹ بنے۔

عراقی وزیراعظم نے شفافیت، جوابدہی، چوری شدہ رقوم کی جلد واپسی اور تمام ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہی اقدامات قانون کی حکمرانی کو مضبوط اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close