لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر آج 10 جولائی کو پنجاب وسطی کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے مطالبے کے لیے احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیے جائیں گے۔
انہوں نے کارکنوں، تاجروں، مزدوروں، کسانوں، طلبہ اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مہنگائی، بے روزگاری اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف بھرپور احتجاج میں شرکت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی صرف عوام کی آواز بلند کر رہی ہے۔
محمد جاوید قصوری نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود حکومت عوام کو اس کا فائدہ منتقل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکس اور لیوی کے باعث عوام مہنگا پیٹرول خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ ایل پی جی بھی سرکاری نرخوں پر دستیاب نہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیٹرول، گیس، چینی، آٹا، کھاد، ادویات اور آئی پی پیز سمیت مختلف مافیا بے لگام ہو چکے ہیں، مگر حکومت ان کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کر رہی، جس کے باعث مہنگائی کا بوجھ مسلسل بڑھ رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی نے پنجاب حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کو ٹھیکے داری نظام کے حوالے کرنا عوام کے بنیادی حقِ علاج سے دستبرداری کے مترادف ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی جائیں، پیٹرولیم لیوی اور غیر ضروری ٹیکس ختم کیے جائیں، ایل پی جی سرکاری نرخوں پر فراہم کی جائے اور عوام دوست پالیسی اختیار کرتے ہوئے مستقل ریلیف دیا جائے۔
محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی مہنگائی، ناانصافی اور حکومتی بے حسی کے خلاف اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






