نشو کا بزرگ افراد کو مشورہ، بڑھاپے میں صحت اور مالی معاملات کا خیال رکھنے پر زور
ماضی کی معروف پاکستانی فلم اداکارہ نشو بیگم نے بزرگ افراد کو اہم مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ زندگی کے آخری حصے میں اپنی صحت، عزت اور مالی معاملات کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔
نشو بیگم اپنے دور کی مقبول اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں، جنہوں نے رنگیلا، بازی، انسان اور گدھا اور سوسائٹی گرل سمیت کئی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ وہ حالیہ برسوں میں سوشل میڈیا پر بھی فعال ہیں اور یوٹیوب و ٹک ٹاک کے ذریعے اپنے مداحوں سے رابطے میں رہتی ہیں۔ نشو معروف اداکارہ صاحبہ افضل کی والدہ بھی ہیں۔
حال ہی میں نشو نے میزبان یازی کے پوڈکاسٹ “دی یازیسٹک شو” میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے تجربات کی روشنی میں بزرگ والدین کے لیے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑھاپے میں انسان کو اپنی صحت اور مالی معاملات پر اپنا اختیار برقرار رکھنا چاہیے، کیونکہ بعض اوقات قریبی رشتوں میں بھی حالات اور رویے تبدیل ہو سکتے ہیں۔
نشو نے بزرگ افراد کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی جائیداد زندگی میں ہی مکمل طور پر دوسروں کے نام کرنے سے گریز کریں۔ ان کے مطابق انسان کے پاس جو کچھ ہوتا ہے، وہ اس کے انتقال کے بعد وراثت کے اصولوں کے مطابق اہلِ خانہ کو مل جاتا ہے، لیکن زندگی میں سب کچھ منتقل کر دینے سے بعض اوقات بزرگ افراد مشکلات کا شکار ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مالی خودمختاری بڑھاپے میں انسان کی عزت، خود اعتمادی اور بہتر دیکھ بھال کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ نشو کا کہنا تھا کہ انسان کو اپنے معاملات میں سمجھ داری سے فیصلے کرنے چاہئیں اور اصل جواب دہی اللہ تعالیٰ کے سامنے ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






