عمران خان رہائی فورس میں 60 ہزار سے زائد افراد رجسٹرڈ

راولپنڈی: ترجمان خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے قائم کی گئی “رہائی فورس” میں 60 ہزار سے زائد افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں اور اس حوالے سے جلد بڑی پیش رفت سامنے آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ تنظیم سازی کے بغیر تحریک آگے نہیں بڑھ سکتی، اس لیے تمام صوبائی صدور اپنی تنظیمیں جلد مکمل کریں۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا میں تنظیم سازی آخری مراحل میں ہے، جبکہ آئی ایس ایف، یوتھ، ویمن، مائنارٹی، آئی ڈی ایف اور آئی ایل ایف کی تنظیمیں بھی مکمل کی جا رہی ہیں۔

شفیع جان کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ موومنٹ کی ذمہ داری سہیل آفریدی نے مؤثر انداز میں نبھائی اور پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں اس کے اثرات نمایاں رہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا آئندہ ہر قسم کے لائحہ عمل کے لیے مکمل تیار ہے اور اچکزئی جو بھی فیصلہ کریں گے، صوبہ اس پر عمل کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اڈیالہ جیل احتجاج میں شرکت کسی ایک صوبے کی نہیں بلکہ پوری جماعت کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جبکہ جو ذمہ داری نہیں نبھا سکتا، اسے اپنا عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔

ترجمان خیبرپختونخوا کے مطابق عمران خان رہائی فورس کا تمام ڈیٹا متعلقہ ڈیٹا بیس کے حوالے کر دیا گیا ہے اور اس حوالے سے جلد اہم اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی سیاسی کمیٹی آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت کر رہی ہے اور خواہش ہے کہ تین سال مکمل ہونے سے پہلے ہی معاملات حل ہو جائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close