گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر پوری قوم غمزدہ ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور ان کے قاتل کو ہر صورت قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چند روز قبل ایک نوجوان خاتون کو ہراساں کیے جانے کے واقعے میں مداخلت کرنے پر گروپ کیپٹن عاصم طارق کو ایک ملزم نے فائرنگ کرکے شہید کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس سانحے پر غمزدہ ہے اور شہید کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ ترکیہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ترک سرمایہ کاروں اور کاروباری گروپوں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں توانائی، کان کنی، معدنیات اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

شہباز شریف نے دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں میں کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 15 خوارج کو ہلاک کرنے پر فورسز مبارکباد کی مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے بھرپور عزم اور قربانیوں کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی، سیاسی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا اور مختلف ڈویژنز کی اہم سمریوں کی منظوری بھی دی۔

کابینہ کو بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات پر بریفنگ دی گئی جبکہ دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کے اقدامات اور بیانات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور پاکستان کے تسلیم شدہ آبی حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close