وزیراعظم شہباز شریف کا حکم، پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع تلاش کریں

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں کو نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع تلاش کرنے کی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہنر مندی اور عالمی معیار کی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں روزگار کے مواقع بڑھانے اور افرادی قوت کو بین الاقوامی منڈی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بیرون ملک موجود پاکستانی سفارتخانے روزگار کے مواقع کی نشاندہی اور معلومات کی فراہمی میں مزید تیزی لائیں، جبکہ پروٹیکٹریٹ آف امیگریشن کے پورے نظام کو ڈیجیٹل بنایا جائے۔

انہوں نے وزارت اوورسیز پاکستانیز، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) اور یوتھ پروگرام کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کے لیے ہنر مندی اور زبان کے کورسز بین الاقوامی معیار کے مطابق سرٹیفیکیشن کے ساتھ یقینی بنائے جائیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افرادی قوت باصلاحیت ہے اور حکومت انہیں عالمی معیار کی تعلیم و تربیت اور بین الاقوامی روزگار تک رسائی فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پاکستانی سفارتخانے بیرون ملک دستیاب ملازمتوں اور مطلوبہ مہارتوں سے متعلق معلومات باقاعدگی سے فراہم کریں، جبکہ پاکستانی سرٹیفیکیشنز کو عالمی معیار سے ہم آہنگ بنانے کے لیے مختلف ممالک کے اداروں سے روابط مضبوط کیے جائیں۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب پر اب تک 8 لاکھ نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں، جبکہ پاکستانیوں کو بیرون ملک روزگار کے لیے تیار کرنے کے تربیتی پروگرام جاری ہیں۔ بریفنگ کے مطابق سفارتخانے بیرون ملک روزگار کے مواقع اور مطلوبہ اہلیت کی معلومات ڈیجیٹل یوتھ ہب پورٹل پر بھی فراہم کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close