ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے گاڑی جھیل میں جا گری

سوات: خیبرپختونخوا کے سیاحتی علاقے کالام میں مبینہ طور پر ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے ایک گاڑی جھیل میں جا گری، تاہم بروقت ریسکیو کارروائی کے باعث گاڑی میں سوار تمام سات افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

سوات پولیس کے مطابق واقعہ نصراللہ جھیل، کالام میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر سوشل میڈیا ویڈیو بنانے کی کوشش کے دوران گاڑی جھیل میں اتر گئی۔ واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور مشترکہ آپریشن کے دوران تمام افراد کو محفوظ نکال لیا، جبکہ بعد ازاں گاڑی کو بھی جھیل سے باہر نکال لیا گیا۔

پولیس کے مطابق گاڑی میں سوار سات افراد کے خلاف نشے کی حالت میں ڈرائیونگ اور قانون شکنی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ڈی پی او سوات مشتاق احمد نے سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین اور حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور دورانِ ڈرائیونگ ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے یا کسی بھی غیر ذمہ دارانہ سرگرمی سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ یکم جولائی 2026 کو بھی ناران میں دریائے کنہار میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران ایک ویگو ڈالا گاڑی دریا میں بہہ گئی تھی۔ اس واقعے میں بھی ریسکیو اہلکاروں نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے تمام افراد کو بچا لیا تھا، جبکہ بعد ازاں پولیس نے ان کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close