پاکستان اور امریکہ تعلقات بھروسے کی بنیاد پر قائم ہیں،مریم اورنگزیب

لاہور: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور خطے میں پائیدار امن کی بنیاد پر قائم ہیں۔

امریکی یومِ آزادی کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے جاری تہنیتی پیغام میں مریم اورنگزیب نے امریکی حکومت، پاکستان میں تعینات امریکی سفارت کاروں اور امریکی عوام کو قومی دن کی مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت امریکا کے ساتھ تعلیم، صحت، تجارت، زراعت، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حالیہ عرصے میں سفارت کاری کی اہمیت نمایاں ہوئی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ امریکا جدت، ٹیکنالوجی اور اعلیٰ تعلیم کے میدان میں دنیا بھر میں نمایاں مقام رکھتا ہے، جبکہ یہ خوش آئند امر ہے کہ امریکی سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے آ رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close