لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبے میں گرین الیکٹرک بسوں کے منصوبے نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں نمایاں تبدیلی لائی ہے اور عوام کی جانب سے ان بسوں کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کے مختلف شہروں کے شہری وزیراعلیٰ مریم نواز سے اپنے علاقوں میں بھی الیکٹرک بسیں چلانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت جلد یہ سہولت صوبے کی 147 تحصیلوں تک فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب بھر میں ایک ہزار ایک سو الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں جن سے روزانہ لاکھوں شہری معیاری، آرام دہ اور سستی سفری سہولت حاصل کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق گرین بسوں کے ساتھ ساتھ گرین ٹریکٹرز اور الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے، جبکہ کسان اور نوجوان وزیراعلیٰ مریم نواز کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز اپنے تمام ترقیاتی منصوبوں میں نوجوانوں کو اولین ترجیح دیتی ہیں، اسی وجہ سے نوجوانوں میں ان کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کارکردگی، گڈ گورننس اور میرٹ کے حوالے سے پنجاب کا کسی دوسرے صوبے سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





