پاسپورٹ بنوانے کے نظام میں بڑی تبدیلی ! فیس کے لیے کیو آر کوڈ کہاں سے اور کیسے حاصل کریں؟

پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس ادائیگی کا نظام مکمل طور پر نافذ کر دیا گیا اور فیس ادائیگی کے لیے کیو آر کوڈ حاصل کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک بڑے عوامی ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس (ڈیجیٹل) ادائیگی کا نظام مکمل طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔

اس جدید ترین سہولت کے بعد اب پاسپورٹ کے لیے اپلائی کرنے والے شہریوں کو فیس جمع کرانے کے لیے گھنٹوں لمبی لائنوں میں لگنے یا انتظار کرنے کی زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر اس ڈیجیٹل اصلاحاتی منصوبے کو نافذ کیا گیا ہے، جس کا مقصد سرکاری خدمات کو تیز رفتار، شفاف اور عوام کے لیے انتہائی آسان بنانا ہے

کیش لیس فیس کے لئے کیو آر کوڈ حاصل کرنے کا طریقہ

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ائمگریشن اینڈ پاسپورٹس نے شہریوں کی رہنمائی کے لیے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے، جس کے مطابق فیس کی ادائیگی کا طریقہ کار نادرا کے ڈیجیٹل نظام کی طرح انتہائی سادہ اور آسان ہے:

سب سے پہلے اپنے قریبی پاسپورٹ دفتر کے متعلقہ کاؤنٹر پر تشریف لے جائیں، کاؤنٹر پر موجود عملے کو اپنا اصل شناختی کارڈ (CNIC) نمبر بتائیں۔

پاسپورٹ کا عملہ آپ کی تصویر لے گا اور آپ کو ایک پرچی (Slip) فراہم کرے گا جس پر ایک مخصوص QR کوڈ چھپا ہوگا۔

آپ اپنے موبائل میں موجود کسی بھی بینک کی آفیشل ایپ (یا ڈیجیٹل والٹ) کے ذریعے اس QR کوڈ کو اسکین کر کے سیکنڈوں میں اپنی پاسپورٹ فیس آن لائن ادا کر سکتے ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے عزم اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “الحمدللہ! ہم نے عوام کو ایک بڑی زحمت سے بچا لیا ہے، میں اس اہم سنگِ میل پر پاسپورٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر مزید بہتر اور بین الاقوامی معیار کی خدمات فراہم کرنے کے لیے ہمارا عزم قائم ہے۔”

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس ڈیجیٹل سسٹم کے نفاذ سے پاسپورٹ خدمات کی فراہمی مزید تیز، شفاف اور انتہائی آسان ہو جائے گی، جس سے کرپشن اور ایجنٹ مافیا کا بھی خاتمہ ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close