راولپنڈی: بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف راولپنڈی ٹریفک پولیس نے ایک بار پھر سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) فرحان اسلم کی ہدایت پر مال روڈ، پشاور روڈ سمیت شہر کی تمام بڑی اور چھوٹی شاہراہوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی ناکے قائم کر کے اہلکار تعینات کر دیے ہیں تاکہ بغیر ہیلمٹ سفر کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جا سکے۔
سی ٹی او فرحان اسلم نے کہا کہ اس مہم کا مقصد جرمانے یا ریونیو اکٹھا کرنا نہیں بلکہ شہریوں کی قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہلک ٹریفک حادثات میں 73 فیصد متاثرین موٹرسائیکل سوار ہوتے ہیں اور ان کی اموات کی بڑی وجہ سر پر لگنے والی شدید چوٹیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم کے مثبت نتائج سامنے آئے، جس کے باعث ہیڈ انجری کے کیسز میں تقریباً 40 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ان کے مطابق اس مہم کے تسلسل سے نہ صرف حادثات میں مزید کمی آئے گی بلکہ اسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز پر بھی بوجھ کم ہوگا۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چالان سے بچنے کے بجائے اپنی حفاظت کو ترجیح دیتے ہوئے ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔ سی ٹی او نے کہا کہ ہیلمٹ پہننا اور لین ڈسپلن کی پابندی محفوظ سفر کی بنیادی ضمانت ہے، جس سے شہری نہ صرف قانونی کارروائی بلکہ کسی بھی بڑے حادثے سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






