لاہور: پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کے موجودہ نظام میں تبدیلی کی جا رہی ہے تاکہ ہر کرکٹر اپنے مخصوص فارمیٹ پر توجہ دے سکے۔
ایک انٹرویو میں مائیک ہیسن نے کہا کہ تمام فارمیٹس کے لیے ایک ہی سینٹرل کنٹریکٹ کا طریقہ کار اب مؤثر نہیں رہا۔ ان کے مطابق اگر ٹی ٹوئنٹی کے ماہر کھلاڑی کو فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے پر مجبور کیا جائے تو وہ اپنے اصل فارمیٹ میں مہارت حاصل نہیں کر سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ جو کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹ میں خود کو منوانا چاہتے ہیں، انہیں لازماً فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنا ہوگی۔ پی سی بی ایسے نئے سینٹرل کنٹریکٹس پر کام کر رہا ہے جن کے ذریعے کھلاڑی اپنے مخصوص فارمیٹ میں مہارت حاصل کرتے ہوئے بہتر کارکردگی دکھا سکیں گے۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ جب انہوں نے ذمہ داری سنبھالی تو ٹیم نہ ہوم سیریز جیت رہی تھی اور نہ ہی بیرون ملک کامیاب ہو رہی تھی۔ ان کے بقول 20 فیصد کامیابی کی شرح رکھنے والی ٹیم کے ساتھ کام کرنا ایک بڑا چیلنج تھا، تاہم اب پاکستان کی کامیابی کا تناسب تقریباً 70 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 20 فیصد کامیابی کی شرح کے ساتھ آئی سی سی ٹورنامنٹس نہیں جیتے جا سکتے۔ 2023، 2024 اور 2025 میں پاکستان آئی سی سی ایونٹس کے پہلے مرحلے سے آگے نہیں بڑھ سکا، جبکہ 2026 میں ٹیم سپر ایٹ مرحلے تک پہنچی، جہاں ایک میچ انگلینڈ سے ہاری جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ سے قبل پاکستان کو چوتھی یا پانچویں مضبوط ٹیم قرار دیا جا رہا تھا، مگر ٹیم نے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے، لیکن ٹیم مسلسل ترقی کر رہی ہے اور ہدف باقاعدگی سے فتوحات حاصل کرنا ہے۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ آئندہ ون ڈے ورلڈ کپ میں تقریباً 15 ماہ باقی ہیں، اس دوران کھلاڑیوں کے پول کو وسیع کیا جائے گا اور آئندہ چھ ماہ نوجوان کرکٹرز کو آزمایا جائے گا۔ ان کے مطابق ایشین گیمز نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر تجربہ فراہم کرنے کا بہترین موقع ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایشین گیمز میں صرف بھارت ہی نہیں بلکہ افغانستان، سری لنکا اور دیگر مضبوط ٹیمیں بھی شریک ہوں گی۔ ان کے بقول افغانستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہمیشہ خطرناک حریف رہا ہے جبکہ سری لنکا کی ٹیم بھی مسلسل بہتر ہو رہی ہے، تاہم پاکستان کی ٹیم متوازن ہے اور ہر حریف کے خلاف بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






