پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) آزاد جموں و کشمیر کے درمیان آئندہ قانون ساز اسمبلی انتخابات کے لیے باضابطہ سیاسی اتحاد کا اعلان کر دیا گیا۔ اس اتحاد کا اعلان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین اور امیر جے یو آئی آزاد جموں و کشمیر مولانا سعید یوسف نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سینئر وزیر میاں عبدالوحید، وزیر حکومت و پیپلز پارٹی کی امیدوار محترمہ نبیلہ ایوب ،پولیٹیکل اسسٹنٹ سید عزادار حسین کاظمی ،ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان جرال ،زوبیہ خورشید ،عبد الشکور صدیق و دیگر بھی موجود تھے ۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا گیا کہ سدھنوتی/پلندری کے حلقہ ایل اے 23 اور غربی باغ/دھیرکوٹ کے حلقہ ایل اے 14 میں جے یو آئی کے امیدوار دونوں جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ہوں گے، جبکہ ان حلقوں سے پاکستان پیپلز پارٹی کی امیدوار محترمہ نبیلہ ایوب اور محترمہ زوبیہ خورشید اپنی پارٹی کی پالیسی کے مطابق کاغذات نامزدگی واپس لیں گی۔ اس کے علاوہ دیگر تمام حلقوں میں جے یو آئی، پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی بھرپور حمایت کرے گی۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ اس سیاسی اتحاد کے قیام میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
چوہدری محمد یاسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم دن ہے اور وہ جے یو آئی کے ساتھ باضابطہ سیاسی اتحاد کا اعلان کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ایک سینئر اور مدبر سیاست دان ہیں، جن کی افہام و تفہیم کی سیاست قابل قدر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے اتحاد سے دونوں جماعتوں کے ساتھ ساتھ ریاست کو بھی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور کشمیر ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں، پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو ہر قومی اور بین الاقوامی فورم پر اجاگر کیا ہے اور پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی کشمیر کاز سے جڑی ہوئی ہے۔
مولانا سعید یوسف نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جے یو آئی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان باضابطہ سیاسی اتحاد قائم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی دو حلقوں میں جے یو آئی کے امیدواروں کی حمایت کرے گی جبکہ باقی تمام حلقوں میں جے یو آئی اپنے امیدواروں اور کارکنوں کو ہدایت کرتی ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی بھرپور حمایت کریں۔ انہوں نے جے یو آئی کے ان امیدواروں سے بھی اپیل کی جنہوں نے مختلف حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرا رکھے ہیں کہ وہ پارٹی فیصلے کے مطابق اپنے کاغذات واپس لے کر اتحاد کو مضبوط بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے اتحاد سے ریاست کے عوام کو فائدہ پہنچے گا اور مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔
سینئر وزیر میاں عبدالوحید نے اس اتحاد کو دونوں جماعتوں کی قیادت کی سیاسی بصیرت کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی ایک مضبوط عوامی اور گراس روٹ سطح کی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان دیرینہ سیاسی تعلقات اور باہمی اعتماد کسی سے پوشیدہ نہیں، اس لیے یہ اتحاد فطری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں جماعتیں مل کر آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گی اور آزاد جموں و کشمیر میں حکومت تشکیل دیں گی۔
پیپلز پارٹی کی امیدوار محترمہ نبیلہ ایوب نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان احترام اور اعتماد کا رشتہ قائم ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ پارٹی کے فیصلے کے مطابق کاغذات نامزدگی واپس لیں گی اور حلقے میں مشترکہ امیدوار کی کامیابی کے لیے بھرپور انتخابی مہم چلائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر عوام کی خدمت اور ریاست کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






