سٹار آل راؤنڈر کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

لندن: انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے مطابق ناٹنگھم میں نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ بین اسٹوکس کے بین الاقوامی کیریئر کا آخری میچ ہوگا۔ انہوں نے کھیل کے آغاز سے قبل اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو بھی اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا۔

بین اسٹوکس نے ٹرینٹ برج میں تیسرے ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس کے دوران اس امکان کو مسترد نہیں کیا تھا کہ یہ ان کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ ہو سکتا ہے۔

انگلینڈ کے لیے بین اسٹوکس کا 15 سالہ بین الاقوامی کیریئر اور چار سالہ ٹیسٹ کپتانی کا دور اختتام پذیر ہو رہا ہے۔ انہوں نے 2011 میں انگلینڈ کی جانب سے اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا، جبکہ دسمبر 2013 میں ایڈیلیڈ میں ایشز سیریز کے دوران ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ اپریل 2022 سے وہ انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔

بین اسٹوکس نے اپنے کیریئر میں 121 ٹیسٹ میچز میں 7 ہزار 228 رنز بنانے کے ساتھ 246 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 114 ایک روزہ بین الاقوامی میچز میں 3 ہزار 463 رنز اور 74 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ 43 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 585 رنز اسکور کیے اور 26 وکٹیں اپنے نام کیں۔

ان کی ریٹائرمنٹ کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وہ لارڈز میں فتح کے بعد چیلسی کے ایک نائٹ کلب میں ہونے والی جشن کی تقریب کے معاملے پر تحقیقات کی وجہ سے دی اوول میں کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔

بعد ازاں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور کرکٹ ریگولیٹر کی تحقیقات کے بعد انہیں تحریری وارننگ جاری کی گئی، تاہم مزید کسی بدعنوانی یا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے بری قرار دیا گیا، اگرچہ اس معاملے پر انہیں شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close