اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہری خوفزدہ ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 178 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں واقع تھا۔
شام 6 بج کر 35 منٹ پر آنے والے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، شیخوپورہ، اٹک، چکوال، میانوالی، جھنگ، ملتان، پوٹھوہار ریجن اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں محسوس کیے گئے۔
خیبرپختونخوا کے مانسہرہ، مالاکنڈ، باجوڑ، ہنگو، صوابی، کوہاٹ، کرک، سوات، شانگلہ، چارسدہ، بونیر، تخت بھائی، لوئر دیر اور جنوبی وزیرستان سمیت متعدد علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے دوران خیبرپختونخوا اسمبلی میں بجٹ اجلاس جاری تھا، جس پر اراکین اپنی نشستوں سے اٹھ کھڑے ہوئے اور ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس پانچ منٹ کے لیے ملتوی کر دیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان کا ہندوکش ریجن تھا جبکہ گہرائی 191 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ متعلقہ انتظامیہ کو عمارتوں کا معائنہ کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ صوبائی کنٹرول روم اور تمام ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز 24 گھنٹے فعال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی نقصان کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر دی جا سکتی ہے، جبکہ ریسکیو اداروں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
زلزلے کے جھٹکے آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم اور گرد و نواح جبکہ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر اور دیگر علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ دوسری جانب افغانستان کے سرحدی علاقوں میں بھی 6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






