کاراکس: وینزویلا میں آنے والے تباہ کن زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 920 ہو گئی ہے، جبکہ 3 ہزار 360 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ملک میں یکے بعد دیگرے 7.2 اور 7.5 شدت کے دو طاقتور زلزلے ریکارڈ کیے گئے، جن سے انفرااسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا اور متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں۔
رپورٹس کے مطابق سیکڑوں افراد کے اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دارالحکومت کاراکس میں کئی عمارتیں گرنے کے باعث متاثرہ شہری کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہیں۔ شدید زلزلے سے کاراکس ایئرپورٹ بھی متاثر ہوا، جس کے باعث پروازوں کا آپریشن معطل کر دیا گیا۔ قائم مقام صدر نے متاثرہ ساحلی علاقوں کا دورہ کرکے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دو بڑے زلزلوں کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اب تک ایک درجن سے زائد جھٹکے محسوس کیے جا چکے ہیں۔ ماہرین نے آئندہ ہفتے مزید 5 شدت کے زلزلے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب امریکا نے وینزویلا میں امدادی سرگرمیوں کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی ہیں، جبکہ پوپ لیو نے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے ایک لاکھ یورو دینے کا اعلان کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






