معروف اداکار و ہدایتکار انتقال کر گئے ، انڈسٹری سوگوار

گجراتی تھیٹر، فلم اور ٹیلی ویژن کے اداکار و ہدایتکار اروند ویکاریا 77 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اروند ویکاریا کے انتقال پر بھارتی شوبز انڈسٹری میں غم کی لہر دوڑ گئی۔

اروند ویکاریا کے بیٹے اور ’’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘‘ میں باگھا کا کردار سے مشہور تنمے ویکاریا ایک اور بڑے  صدمے سے گزر رہے ہیں۔ آٹھ ماہ قبل تنمے ویکاریا کی والدہ کا بھی انتقال ہو گیا تھا۔

’’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘‘ کے خالق اور پروڈیوسر اسیت کمار مودی نے اروند ویکاریا کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نقصان نہ صرف تنمے ویکاریا اور ان کے خاندان بلکہ پوری انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے بڑا صدمہ ہے۔

انہوں نے اروند ویکاریا کو گجراتی تھیٹر اور سنیما کا انتہائی محترم فنکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی فنی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

اسیت مودی نے کہا کہ اروند ویکاریا نے ’’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘‘ کے ساتھ بھی وابستگی رکھی، اس پراجیکٹ میں ہمیشہ ان کا ساتھ دیا اور رہنمائی بھی کی اور ہمیشہ محبت اور خلوص کا اظہار کیا۔

واضح رہے اروند ویکاریا نے کئی دہائیوں پر محیط شاندار فنی سفر کے دوران ’’یشودا‘‘، ’’چھنو چمکلو‘‘ اور ’’روپیو ناچ نچاوے‘‘ جیسی معروف گجراتی پروڈکشنز میں کام کیا۔ وہ مقبول سپر ہیرو سیریز ’’شکتیمان‘‘ میں بھی نظر آئے تھے اور ’’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘‘ میں ایک یادگار کیمیو کردار ادا کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close