ایدھی فاؤنڈیشن نے یومِ عاشور کے موقع پر اپنے تمام سٹاف اور رضاکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے شہر بھر میں ہنگامی امدادی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
ترجمان کے مطابق نو محرم الحرام کے موقع پر شہر بھر میں 50 ایمبولینسز اور 150 رضاکار فیلڈ میں تعینات کیے گئے ہیں تاکہ عزاداروں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
ایدھی رضاکار پانڈو اسٹریٹ، اسلام پورہ، مغل پورہ، وسن پورہ، کھاڑک، ملتان روڈ، ظفر کالونی، علامہ اقبال ٹاؤن، امامیہ کالونی اور جلو موڑ سمیت مختلف علاقوں میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق شہر بھر میں عزاداری جلوسوں کے روٹس پر اہم مقامات پر طبی کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں عزاداروں کو فوری طبی امداد اور ابتدائی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ایدھی فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام امدادی ٹیمیں الرٹ ہیں اور عزاداروں کو بروقت اور فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






