راولپنڈی: یومِ عاشور کے موقع پر ریسکیو 1122 راولپنڈی نے خصوصی ایمرجنسی کور پلان نافذ کرتے ہوئے تمام دستیاب وسائل اور اہلکاروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق محرم الحرام کے دوران ماتمی جلوسوں، عزاداری کی مجالس اور حساس مقامات پر خصوصی ریسکیو کور فراہم کیا جائے گا، جبکہ 10 محرم کو “کوڈ ریڈ” نافذ رہے گا۔
ایمرجنسی پلان کے تحت 32 ایمبولینسیں، 24 فائر اینڈ ریسکیو گاڑیاں اور 100 موٹر بائیک سوار ریسکیو اہلکار مختلف مقامات پر تعینات ہوں گے۔ تمام ایمرجنسی گاڑیوں کو طبی آلات، ادویات، ریسکیو اور فائر فائٹنگ کے ضروری سامان سے لیس کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 نے تمام افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کنٹرول روم اور فیلڈ ٹیموں کے درمیان مسلسل رابطے اور مانیٹرنگ کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں، ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






