وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ ‘پرواز کارڈ’ کے ذریعے نوجوانوں کو 3 لاکھ روپے تک کا بلا سود قرضہ دیا جا رہا ہے ، جس کی آسان قسطوں میں ادائیگی کرنا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ‘پرواز کارڈ’ اسکیم کے تحت بیرونِ ملک جانے والے کامیاب امیدواروں سے ان کی روانگی سے قبل ایک خصوصی الوداعی ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ کو ‘پرواز کارڈ’ اور ‘اسکل سٹی’ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ پرواز کارڈ اسکیم کے تحت 135 بچوں کا پہلا گروپ 28 جون کو بیرونِ ملک روانہ ہو رہا ہے، اور اس پورے پراسیس اور بیرونِ ملک روانگی کے تمام تر اخراجات حکومتِ پنجاب اٹھائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک جا کر ہمارے نوجوانوں کو نہ صرف روزگار کے بہترین مواقع ملیں گے بلکہ ایک نیا ایکسپوزر بھی حاصل ہوگا۔
انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ بیرونِ ملک جا کر مشاہدہ کریں کہ جو قومیں ترقی کر گئیں، ان میں اور ہم میں کیا فرق ہے۔
مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ جب تک ہنر مند ورک فورس نہیں ہوگی، تب تک عالمی مارکیٹ میں وہ مقام اور عزت نہیں ملتی، اسی مقصد کے لیے پنجاب حکومت صوبے کے 5 لاکھ بچوں کو جدید عالمی تقاضوں کے مطابق ٹریننگ دے رہی ہے، جس کے لیے جنوبی پنجاب سمیت پورے صوبے میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹریننگ لیبز قائم کر دی گئی ہیں، جہاں صرف انٹرنیشنل مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق ہنر سکھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ‘پرواز کارڈ’ کے ذریعے نوجوانوں کو 3 لاکھ روپے تک کا بلا سود قرضہ بھی دیا جا رہا ہے، جس کی واپسی کے لیے شروع کے تین ماہ رعایت ہوگی اور بعد میں آسان قسطوں میں ادائیگی کرنا ہوگی۔
انہوں نے یقین دلایا کہ بیرونِ ملک جا کر نوجوانوںکو بہترین تنخواہ اور کام کا نیا ماحول ملے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






